منگلورو:9/اگست (ایس او نیوز) کانگریس لیڈر موٹما نے گورکشاکے لبادے میں دلتوں کی کھال کھینچنے والے سنگھ پریوارپر کڑا وار کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ سنگھ پریوار کو آخر کس نے یہ حق دیا ہے کہ وہ دلتوں پر ظلم کرے؟
ملک بھر میں دلتوں پر ہو رہے مظالم کی مخالفت میں منگلور و دکشن ودھان سبھا حلقہ کے کانگریس کی قیاد ت میں دکشن کنڑا ڈی سی دفتر کے روبرو منعقدہ احتجاجی اجلاس سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت دھرم، ذات، زبان کی بنیاد پر تفریق نہ کرتے ہوئے تمام کی حفاظت کرنے کا فرض شاید بھول چکی ہے۔ جب سے مرکز میں بی جے پی نے اقتدار سنبھالا ہے اسی وقت سے دلتوں پر مسلسل ظلم ڈھایاجارہاہے، اب بی جے پی کو سبق سکھانے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار کویہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ دلتوں کے غذائی حق کو چھینے کا اُنہیں کوئی اختیار نہیں ہے ۔وزیر اعظم مودی کےدلتوں کے مظالم کے متعلق دئے گئے بیان پروار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بیان پر عمل بھی ہونا چاہئے۔ رکن اسمبلی جے آر لوبو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلسل 6مہینوں سے دلتوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہےہیں، نسلوں سے پچھڑے پن کا شکار دلتوں کے ظلم میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہاہے، مزید کہا کہ دلت ذہنی اور جسمانی طورپر اذیت کا شکار ہوچکے ہیں۔
احتجاجی جلسہ میں ودھان پریشد کے چیف وہیپ ائیون ڈیسوزا، اے آئی سی سی ممبر پی وی موہن، دکشن کنڑا ضلع کانگریس کے کارگزار صدر ابراہیم کوڈیجال، کانگریس لیڈران سریش بلال، پدمنابھا نرینگان ، ششی دھر ہیگڈے ، ڈاکٹر راگھو لائنسی لاٹ پنٹو، وشواس داس، بال کرشنا شٹی ، ٹی کے سدھیر، اشیت فریرا، سداشیو امین، تیجس راج، نذیر بجال ، شوبھودیا آلوا، میرل ریگو، ونئے راج وغیرہ موجود تھے۔